logo
سرِ ورق
اگلا صفحہ
پچھلا صفحہ
فہرست
divider
divider

امجد اسلام امجد
شعراء کی نظر میں

امجد اسلام امجد کے لئے سالگرہ کا تحفہ
غلام محمد قاصر
چرخِ تمثیل پہ مہتابِ درخشاں ہے وہ نام
جس کے کردار محبت کی زباں بولتے ہیں
جنبش چشم سے اسرارِ نہاں کھولتے ہیں
اس کی پوروں میں کہیں نصب ہے آئینہ عصر
عکس چلتے ہیں مگر خود وہ پس پردہ ہے
محرم دوش ہے اور منتظر فردا ہے
زعفراں زار بناتا ہے ہر اک محفل کو
اس کے رستے میں بہاروں کی گلی آتی ہے
مسکراتا ہے تو پھولوں کو ہنسی آتی ہے
اس کے ماتھے کی لکیروں میں زمانوں کے رموز
شاعری نے جہاں کاشانہ بنا رکھا ہے
کتنے فرزانوں کو دیوانہ بنا رکھا ہے
شوکتِ جاہ و حشم سطوتِ اورنگِ جمال
وقت ہر چیز کو ٹھکرا کے گزر جاتا ہے
فکر کے سائے میں کچھ دیر ٹھہر جاتا ہے
گلشنِ میر و ولی‘ غالب و اقبال و ندیم
جس میں افکار دلاویز کی ہریالی ہے
ایک کرسی وہاں امجد کے لئے خالی ہے

امجد اسلام امجد کے اعزاز میں عبدالحمید ابو فاروق کے ہاں مشاعرے میں پیش کی گئی-
(بتاریخ ۱۹-۲۱-۰۳)
~~~~~~~~~~

شہر در شہر
(امجد اسلام امجد کا سفر نامہ)

شاعری کے طفیل امجد نے
کتنے ملکوں کی سیر کر لی ہے
اور چھپوا کے یہ سفر نامہ
جیب قاری کی بھی کتر لی ہے

کینیڈا کا ہے نقش کاغذ پر
یا ہے امجد کی شوخیِ تحریر
سیٹلائٹ کا کیمرہ جیسے
کھینچتا ہے زمین کی تصویر

ہم سفر تھے جو عالی و پروین
خوب سردی میں جا کر اکڑے ہیں
ایسے دوروں سے آئندہ کے لئے
ان بچاروں نے کان پکڑے ہیں

گوریوں کا بھی ذکر ہے اس میں
اور سکھوں کا بھی فسانہ ہے
گویا امجد کا یہ سفر نامہ
”چھیڑ خانہ“ ہی ”چھیڑخانہ“ ہے
سرفراز شاہد
~~~~~~~~~~

divider
divider
copyright©AmjadIslamAmjad.net2008
design_sig